اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ترکیہ اور شام میں حالیہ زلزلے کے تناظر میں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے فنڈ جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ، یہ رقم زلزلہ متاثرین کے لئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں دی جائے گی تاکہ ترکیہ اور شام کے لئے فنڈز جمع کئے جا سکیں جو پیر کو 7.8 شدت کے آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت مہم کے پہلے حصے میں پانچ سکولوں نے عطیات جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں جن میں اسلام آباد کالج فار گرلز ، اسلام آباد کالج فار بوائز، لڑکیوں کے دو اور لڑکوں کا ایک اسلام آباد ماڈل کالج شامل ہے۔
طلباء اور انتظامیہ نے عطیات جمع کرنے کے لئے ایک ڈونیشن باکس قائم کیا اور اساتذہ اور طلباء نے طلباء کو اس سرگرمی میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لئے آگاہی اور ترغیبی سیشن منعقد کئے۔
سکول انتظامیہ نے طالب علموں سے کہا ہے کہ وہ فنڈ میں 10 روپے کا حصہ ڈال کر زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی کے اس عمل میں شامل ہو جائیں ۔ اگلے مرحلے میں یہ مہم زیادہ سے زیادہ سکولوں تک پھیل جائے گی ، اس فنڈ ریزنگ مہم میں ایف ڈی ای کے تحت تمام تعلیمی اداروں کو شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے یقین دلایا کہ وہ زلزلہ متاثرین کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور یہ ان بہت سے اقدامات میں سے ایک ہے جو وزارت تعلیم ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالنے کے لئے کر رہی ہے۔
پاکستان کی حکومت نے پہلے ہی متاثرین کے لئے امدادی پیکیج بھیجنا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی مکمل بحالی تک امداد بند نہیں ہونی چاہئے۔ آئی بی سی سی کے سیکرٹری ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ان سکولوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم زلزلے میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو ہنگامی امداد کی مسلسل فراہمی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں، ہم نے چند سکولوں میں فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم شروع کر دی ہے اور ہم اس مہم کو وسعت دیتے رہیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای ڈاکٹر اکرام ملک نے ان سکولوں کا دورہ کرتے ہوئے طلباء کی تعریف کی اور انہیں ان سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایک بڑا فرق پیدا کریں گے۔ طلباء نے ترکی اور شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے حکومت پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا بھرپور اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی وہ وقت ہے جب ہم سب اپنے ضرورت مند بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لئے اٹھ کھڑے ہوں ۔