وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرنا نہ صرف حکومت بلکہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور یہ پاکستان کی موثر خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، امریکہ اور طالبان کا مذاکرات کیلئے تیار ہونا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔ نجی …

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرنا نہ صرف حکومت بلکہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور یہ پاکستان کی موثر خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، امریکہ اور طالبان کا مذاکرات کیلئے تیار ہونا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے اور انہوں نے کہا کہ ان کے وزیر اعظم عمران خان سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، علاج کیلئے دی گئی مہلت ختم ہونے کے باوجود وہ واپس نہیں آ رہے ہیں، ن لیگ کے قائد کو مزید ضمانت کیلئے لندن سے ڈاکٹرز کی تازہ رپورٹس بھیج کر پنجاب حکومت کو مطمئن کرنا ہو گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ ن لیگ کے اندر گروپ بندی ہے اور اسی وجہ سے شہباز شریف واپس نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہمیشہ عدالتوں اور اس کے فیصلوں کا احترام کیا ہے، نیب ایک آزاد ادارہ ہے، وہ بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کرے یا کسی کی ضمانت پر عدالت جائے اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بھارت کے اندر مسلمانوں پر ظلم و تشدد کیا جا رہا ہے، مسلمانوں کے خلاف قوانین بنائے جا رہے اور اب بھارت کے اندر بھی لوگ قائد اعظم کے دو قومی نظریے کو مان رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کے بہتر مفاد میں ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ کوششیں کیں اور افغانستان میں امن برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ امید ہے کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل منظور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی اور گیس کے مہنگے معاہدے کئے جس کی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔