وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو

147
مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود
مریم نواز کی دھمکیاں ملنے کی باتیں ڈرامے بازی ہے اور کچھ نہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کورونا وائرس کے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے، دنیا میں 2 لاکھ کے قریب مصدقہ کیسز سامنے آ ئے ہیں ، ایسی صورتحال میں حکومت پر تنقید کرنا درست نہیں ہے، اپوزیشن اس مسئلے پر سیاست کرنے سے گریز کرے، ہم نہیں چاہتے کہ ایسے اقدام اٹھائیں جس سے ملک میں خوف وہراس اور افراتفریحی پھیلے اور لوگوں کے کاروبار متاثر ہوں، یہ نمبرز گیم نہیں ہے، حکومت صورتحال دیکھ کر فیصلے کر رہی ہے اور صوبوں کے ساتھ مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ چین میں وائرس سامنے آنے کے بعد ایئرپورٹس پر سکریننگ اور چیکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا تھا، حکومت نے وائرس کو روکنے کیلئے بروقت ہر ممکن اقدامات اٹھائے اور وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن اس وقت بھی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے جو ہو سکتا ہے کر رہی ہے، اس کے علاوہ دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھ کر مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں متاثرہ مریض صرف ایران سے نہیں بلکہ دوسرے ممالک سے بھی آئے ہیں لہذا یہ کہنا کہ حکومت نے اقدامات نہیں کئے مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور وینٹی لیٹرز میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور صحت کے نظام میں بہتری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ نیا وائرس ہے اور کافی دن تک علامات بھی ظاہر نہیں ہوتیں تاہم حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر ملک سے وائرس کے خاتمے کیلئے مشترکہ طور پر کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام وزرائے تعلیم کی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر او لیول اور اے لیول سمیت بورڈ کے امتحانات ملتوی کئے، اب امتحانات جون میں ہوں گے، امید ہے کہ اس وقت تک حالات بھی بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تعلیم کا نظام متاثر نہ ہو اسی لئے آن لائن کلاسز شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ بچے گھر میں بیٹھ کر پڑھائی جاری رکھ سکیں، 27 مارچ کو بین الصوبائی وزراءتعلیم کے اجلاس میں سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے مزید غور کریں گے۔ شفقت محمود نے ینگ ڈاکٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال ختم کریں اور مشکل وقت میں عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے، شہباز شریف کو چاہیے کہ واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں اور عوام کیلئے بطور اپوزیشن لیڈر اپنا کردار بھی ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کے 15 سال کے مہنگے معاہدے کر کے قوم پر ظلم کیا، وہ اپنے گریبان میں جھانکیں اور حکومت کے خلاف بیان بازی کر کے ہیرو بننے کی کوشش نہ کریں۔ شفقت محمود نے کہا کہ دنیا پاکستان میں قرضوں کے بارے کچھ سوچے اور فیصلہ کرے۔ شرح سود میں کمی کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی، مہنگائی میں کمی ہو گی اور ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔