29.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمودکا تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمودکا تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پڑوسی برادر ملک ایران اور پاکستان کے مابین تعلقات انتہائی مضبوط اور مستحکم ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ وہ جمعرات کو نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے انقلاب ایران کے 40 برس اور پاک۔ایران دوستی کے 70 برس مکمل ہونے کے حوالہ سے منعقدہ خطاطی کی تین روزہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ نمائش میں ایرانی فن خطاطی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنرمند دوست، ایران کے کلچرل اتاشی محمد رضا کاکا، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل سیّد جمال شاہ اور اکادمی ادبیات کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے نمائش میں رکھے ہوئے فن پارے دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی لی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی دوستانہ ہیں اور ان کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فن لطیفہ ہماری تہذیب کا عکاس ہوتا ہے، نمائش میں پیش کئے جانے والے ایران کے مخصوص فن خطاطی انتہائی منفرد اور خوبصورت ہے، فن خطاطی میں مختلف طریقوں سے جدت دی جاتی ہے اور یہ انتہائی خوبصورت فن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنے ورثہ کی میپنگ کرنے جا رہی ہے تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہمارے پاس ورثہ کیا اور کہاں ہے، اس کے بعد اس کو محفوظ کرنے اور نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا، ورثہ کی نمائش کے مختلف طریقے ہیں جنہیں اختیار کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنرمند دوست، کلچرل اتاشی محمد رضا کاکا، پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل سیّد جمال شاہ اور اکادمی ادبیات کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے تقریب سے بھی خطاب کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=133417

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں