اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر نے ملاقات کی۔مدد علی سندھی نے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلق ہیں اور دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مہارت اور علم کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ مدد علی سندھی نے طلباء کے تبادلے کا خیرمقدم کیا بالخصوص ہنر مند پیشہ ورانہ تربیت کے لئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت نامہ پر دستخط کی راہ ہموار کر ے گا۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر نے کہا کہ ایتھوپیا کے عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے یونیورسٹی تعاون اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوشن ٹو ٹیکنیکل انسٹی ٹیوشن تعاون آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے والے ایتھوپیا کے ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کو مفت خدمات فراہم کیں۔
انہوں نے مزید وزیر کو ایتھوپیا کا دورہ کرنے اور وہاں طے شدہ ایم او یو پر دستخط کرنے کی دعوت دی۔مدد علی سندھی نے کہا کہ یہ لوگوں کو ملازمتیں تلاش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=400505