اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے پارلیمانی سیکرٹری وجیہا اکرم ، وفاقی سکریٹری فرح حامد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین وانی کے ہمراہ آئی بی سی سی سیکرٹریٹ، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح ، سیکرٹری آئی بی سی سی نے ادارے کی موجودہ سرگرمیوں، مستقبل کی ترجیحات اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم نے یونیفارم اکیڈمک سیشن اگست میں شروع کرنے اور مئی جون میں امتحانات منعقد کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے پریکٹکل امتحانات کو موثر بنانے یا اس کا متبادل نظام لانے کی تاکید کی۔ انہوں نے ایم سی کیو امتحان اور ٹیکنالوجی پر مبنی مارکنگ کی خواہش بھی کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت بورڈ کے تمام افسران اور ٹیچرس کو تربیت فراہم کرے گی۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی خواہش کی کہ میٹرک اور انٹر کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو اسلام آباد میں مدعو کیا جائے گا تاکہ صدر مملکت سے ملاقات کا موقع فراہم کریں۔ سیکرٹری آئی بی سی سی نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ آئی بی سی سی نے تمام سروسز کو کمپیوٹرائیز کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے وزیر کو بتایا کہ یو اے این نمبر شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ای پورٹل اور ویب سائٹ پر کام جاری ہے ۔ وزیر نے ہدایت کی کہ آئی بی سی سی میں تمام سرگرمیوں کو جلد سے جلد نمٹانے کے لئے آئی ٹی پروفیشنلز کی مناسب تعداد رکھی جائے۔ انہوں نے کورئیر سروسز کے ذریعہ آئی بی سی سی کے ذریعہ دستاویزات کی جمع اور فراہمی کو سراہا۔ وزیر موصوف نے خواہش کی ہے کہ درخواست دہندگان کو کورئیر سروس کی معلومات کے علاوہ ، آئی بی سی سی کی طرف سے بھی ایک پیغام بھیجا جائے تاکہ طلبہ کو دستاویزات کی ملکیت کا احساس دیا جاسکے۔ آئی بی سی سی آئی ایس او (ISO) سرٹیفیکیشن حاصل کرکے خود کو بین الاقوامی طور پر تسلیم کروائے۔ وفاقی وزیر نے قومی ہم آہنگی کے لئے کھیلوں کی اہمیت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انٹر بورڈ اسپورٹس کے علاوہ آئی بی سی سی کے توسط سے انٹر بورڈ اکیڈمک اولمپیائڈ کا بھی اہتمام کیا جانا چاہئے۔ وزیرتعلیم نے آئی بی سی سی کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے مزید عزم و ہمت کے ساتھ جاری رکھنے کی خواہش کی۔