وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمودکی پریس کانفرنس

122

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن یونیورسٹیوں کے معیارات جانچنے کے لئے ٹیسٹنگ سروس اور آئی بی سی سی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لئے آن لائن سروس شروع کرے گی، ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کو 8 ویں، 10 ویں اور 12 ویں کے امتحانات لینے کی سفارش کی گئی ہے۔ چوتھی بین الصوبائی کانفرنس کے فورم کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس میں بہت سے مشترکہ فیصلے ہوئے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017ءکے فیس سٹرکچر کو اگلے دو سال میں پانچ فیصد کے اضافے سے بڑھایا جا سکتا ہے جو سپریم کورٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کریں گے اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا، فیصلے پر عمل درآمد کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے ساتھ جو فیصلے ہو چکے ہیں ان پر کیسے عمل درآمد کرنا ہے اس بارے میں تمام چیف سیکریٹری صاحبان کو بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سال میں بھی یکسانیت ہونی چاہئے، پاکستان کے تمام بورڈ 15اگست تک ایف اے اور ایف ایس سی کے نتائج کے اعلان کریں، 15 ستمبر سے یونیورسٹیوں میں کلاسیں شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ورلڈ بینک کے ساتھ 400 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم ایچ ای سی کے منصوبوں پر خرچ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے بجائے موجودہ یونیورسٹیوں کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، یونیورسٹیوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اساتذہ کی تربیت اور ریسرچ پروگراموں پر توجہ دی جائے گی۔