اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بدھ کو نیو ٹیک ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ چئیرمین نیوٹیک سیّد جاوید حسن نے وزیر تعلیم کا خیرمقدم کیا اور ٹیوٹ سیکٹر کی بحالی کے لئے وزیراعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے پران کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر ِتعلیم نے وزیراعظم ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت 14 نکاتی ایجنڈے پر احسن انداز میں عملدرآمد کے حوالہ سے نیو ٹیک کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے مزید کوشیشں نہ صرف تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے عمل کو بہتر بنائیں گی بلکہ نوجوانوں کے لئے اندرونِ و بیرونِ ملک میں روز گار پیدا کرنے میں بھی سودمند ثابت ہوں گی۔
وفاقی وزیر ِتعلیم نے وزیراعظم ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت 104جاب پلیسمنٹ اور ووکیشنل کونسلنگ سینٹرزکے قیام، نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج ٹول (نیکسٹ) اور 37,000 نوجوانوںکی ہائی ٹیک اور ووکیشنل تربیت کے اقدامات پر نیو ٹیک کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر نے نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے قیام کوایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کیا کہ ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کرنے والے سر کاری و غیر سرکاری اداروں کی غیر جانبدار و شفاف ایکریڈیٹیشن نہ صرف جعلی سرٹیفیکیٹس کے اجراء کو روکنے میں مدد گار ثابت ہو گی بلکہ بین الاقوامی سطح پر نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل سے الحاق شدہ پاکستانی اداروں کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفیکیٹس بھی قابلِ قبول ہوںگے۔
وفاقی وزیرِتعلیم نے حال ہی میںتعینات کئے جانے والے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک ساجد بلوچ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ عوامی و ترقیاتی شعبوں میں ان کا وسیع تجربہ نیوٹیک کے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے میں کارآمد ثابت ہو گا۔ انہوں نے حال ہی میںسبکدوش ہونے والے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک ڈاکٹر ناصر خان کی خدمات کو بھی سراہا۔