اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے پیر کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز شاہ اللہ دتہ کا دورہ کیا۔ وزارت تعلیم کے سینئر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزارت برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ ان کا وژن ہے کہ اسلام آباد کو ملک کے دیگر حصوں کے لیے ایک ماڈل بنایا جائے۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ اپنی کوششوں کو یکجا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسلام آباد میں جلد از جلد صفر OOSC ہو۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو باقی ملک کے لیے مثال بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے سکول کے دورے میں واش روم اور پانی کی سہولیات کا معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بنیادی سہولیات کے بغیر تعلیم کا مقصد پورا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے حکم دیا کہ پی ایس ڈی پی کے ترقیاتی پراجیکٹس کو فوری مکمل کیا جائے، زیادہ طلبہ کی تعداد کو مینج کرنے کے لیے نئے کلاس روم بنائے جائیں۔ وفاقی وزیر نے مطالعہ پاکستان کے سٹوڈنٹس سے سوالات کئے ۔ سٹوڈنٹس کی حاضر جوابی پر وفاقی وزیر نے ٹیچرز اور سٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت عمدہ بات ہے کہ سٹوڈنٹس کو مطالعہ پاکستان پر عبور حاصل ہے ۔