وفاقی وزیر تعلیم کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کا دورہ

673
Dr. Khalid Maqbool Siddiqui
Dr. Khalid Maqbool Siddiqui

لاہور۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے جمعہ کے روز تھیسس ڈسپلے2024 کی اختتامی تقریب کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کا دورہ کیا،وائس چانسلر پی آئی ایف ڈی پروفیسر حنا طیبہ خلیل،رجسٹرار،فیکلٹی،عملہ وطلبہ نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے طلبہ کی جانب سے سٹالز میں رکھی اپنے ہاتھ سے بنائی گئی مختلف اشیا کو دیکھا اور سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت خالی ڈگریوں کی نہیں بلکہ فنی مہارت کی اشد ضرورت ہے،پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن ایک ادارہ ہے جسے مضبوط کرنے اور ملک بھر میں اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے،حکومت کی کوشش ہے کہ اس ادارے کو پاکستان کے تمام علاقوں سے جوڑیں گے،اس حوالے سے یوتھ کے لئے کام کر رہے ہیں۔

اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے،18ویں ترمیم سے ملک کے چاروں صوبوں کو فائدہ ہوا،جس سے صوبوں کو اپنے مالی معاملات کو حل کرنے میں کافی مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ سے اتارنے کے لئے وفاقی حکومت دن رات محنت کر رہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہو ں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت ہے ،ایسی تعلیم ہو جو آنے والے 10سالوں کیلئے مفید ہو،جس سے طلبہ استفادہ کرکے دنیا کے جدید علوم کا مقابلہ کرسکیں،دنیا میں سو بڑی کمپینیاں ڈگری کی شرط ختم کر کے فنی مہار ت کو ترجیح دے رہی ہیں،لہذا ہمیں بھی اپنے بچوں کو فنی تعلیم کی جانب راغب کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں اور ملک کے تمام شعبوں کی نمائندگی کرنے والے ان کے مقالہ جات کے نمایاں معیار کی تعریف کی،انہوں نے فیشن اور ڈیزائن کی تعلیم میں جدت اور عمدگی کو فروغ دینے کے ادارے کے عزم کو تسلیم کرتے ہوئے پی آئی ایف ڈی کیمپس میں طلبا کو دستیاب جدید ترین سہولیات کو بھی سراہا۔اس دورے نے پی آئی ایف ڈی طلبا کی نمایاں کامیابیوں اور فیشن انڈسٹری میں مستقبل کے لیڈروں کی پرورش میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا ۔