وفاقی وزیر توانائی،پیٹرولیم وقدرتی وسائل عمرایوب خان کا خان پور3نئے پلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

68

ہری پور۔8اگست (اے پی پی )وفاقی وزیر توانائی،پیٹرولیم وقدرتی وسائل عمرایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کے خلاف ہماری بہترین حکمت عملی کی تعریف دنیا بھر میں ہورہی ہے ۔مکمل لاک ڈاون کئے بغیر ہم نے عالمی وبائی صورتحال کا مقابلہ کیا اور کیسسز میں تیزی سے کمی آئی جبکہ بھارت میں مودی سرکار نے مکمل لاک ڈاون کرکے عوام کو بھوک سے مارا اور ملک کو مفلوج کرکے رکھ دیاہے ۔وہ ہفتہ کو یہاں خان پور روڑ چیچیاں،کھوئی ناڑہ اور وجیاں سوکا جات کے مقامات پر تین نئے پلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال اور زمہ داریوں کے باوجود ضلعی تعمیر و ترقی کے لیے انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے اربوں روپے کی فنڈنگ منظور کروائی ہے جن سے خانپور،سرائے صالح اور گندف کے مقامات پر 132کے وی جبکہ حطار میں 220کے وی کے ایک گرڈ اسٹیشن کی منظوری دی گئی۔ بجلی مسائل کے فوری حل کے لیے سولہ فیڈرز کی تکمیل کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایاگیا ہے۔ وفاقی وزیر عمرایوب خان کا کہنا تھا کہ بجلی و سوئی گیس فراہمی کے منصوبہ جات سمیت سڑکوں کی تعمیر اور نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ایم پی اے و چیئرمین ڈیڈک ارشدایوب خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عمرایوب خان کی دوسالہ کارکردگی کی تعریف کی اور اپنے حلقے میں مزید ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈنگ کا اعلان کیا۔سابق ناظم فیصل اعوان اور دیگر مقامی عمائدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 1ارب 75 کروڑ روپے کی خطیر فنڈنگ سے خانپور روڑ اور تین نئے پلوں کی تعمیر کے ساتھ مقامی بجلی سکیموں اور گیس فراہمی کے فوری احکامات پر عوامی قائد عمرایوب خان کا شکریہ ادا کیااور انکی مثالی خدمات کی تعریف کی ہے۔