اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے چاروں صوبوں کے وزرا اعلیٰ کو واجب الادا بجلی بلز پر خطوط لکھ دیے ہیں۔پاور ڈویژن کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزارت توانائی نے وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کی کمپنیوں کی بہتری اور صارفین کے لیے سستی بجلی کے لیے اصلاحات کا اغاز کیا ہے۔
اصلاحات کے تحت مالی وسائل میں اضافہ، بجلی چوری کے خاتمے اور صارفین کے واجب الادا بلز کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اویس لغاری نے خط میں وزراء اعلیٰ سے فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنانے کی درخواست کی ہے اور لکھا ہے کہ واجب الادا بجلی بلز کی وجہ سےتوانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات متاثر ہو رہی ہیں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ صوبوں کے مختلف محکمے بجلی کے بلز کی ادائیگی میں غفلت برت رہے ہیں،بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے اور اس وجہ سےبجلی کی بلا تعطل سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے وزراء اعلیٰ سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے اور لکھا ہے کہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے نہ صرف وفاقی حکومت کو نقصان ہو رہا ہے بلکہ سرکلر ڈیٹ بحران بھی سنگین ہو رہا ہے۔انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے تعاون کی امید ظاہر کرتی ہے ۔