وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے پاکستان میں یو اے ای کے سفیر کی ملاقات

143
میرے بے ہوش ہونے کی خبر درست نہیں تھی، وفاقی وزیر حماد اظہر کا ٹویٹ

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے ایف ٹی اے کے خطوط پر پاکستان کے ساتھ ایک جامع اقتصادی معاہدے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تاریخی دوطرفہ تعلقات میں اس مثبت پیشرفت کے لئے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز کا معاہدہ نہ صرف حکومتی سطح پر معاہدوں کے لئے راہ ہموار کرے گا بلکہ کاروباری برادری کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی تعریف کی اور انہیں مزید مضبوط کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، اس حوالہ سے وزیراعظم کا آئندہ دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سفیر یو اے ای نے دورے کے دوران اہم مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی توقعات کا اظہار کیا۔سفیر یو اے ای نے 24 سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی کے آئندہ اجلاس کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے موجودہ بین الاقوامی منظر نامہ اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تبادلہ خیال کیا، دنیا بھر میں مہنگائی اور بگڑتی ہوئی تنازعات کی صورتحال تمام ممالک کے لئے تشویش کا با عث ہے۔