اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو بتایا گیا ہے کہ سی پیک کے تحت 4620 میگاواٹ کے 4 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ،کورونا کے باوجود آئندہ سال تک 5500 میگاواٹ کے منصوبے مکمل ہوجائیں گے ۔جمعرات کو وفاقی وزیر توانائی نے پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی پی پی آئی بی نے انہیں متبادل توانائی والے منصوبوں پربریفنگ دی۔
حماد اظہر کو بتایا گیا کہ پہلی بار ہائیڈرو اور تھرل کول سے چلنے والے نجی بجلی گھر قائم کئے جارہے ہیں، پی پی آئی بی کے تحت 40 سال میں 17550 میگاواٹ کے منصوبے لگائے گئے، ملٹی فیول توانائی پلانٹس میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، تھر کوئل سے چلنے والے 660 میگاواٹ کے منصوبے بجلی پیدا کررہے ہیں، تھرکول والے 1320 میگاواٹ کے منصوبے زیرتکمیل ہیں ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پن بجلی والے کروٹ اور سکی کناری منصوبوں پر کام دسمبر 2022 تک مکمل ہوجائے گا ،
پن بجلی منصوبوں سے انفراسٹرکچر کی بہتری، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 4620 میگاواٹ کے 4 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں،کورونا کے باوجود آئندہ سال تک 5500 میگاواٹ کے منصوبے مکمل ہوجائیں گے