وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہاشم انعام اﷲ خان کی زیر صدارت اجلاس

83

ہری پور۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہاشم انعام اﷲ خان کی زیر صدارت پشاور میں اہم میٹنگ ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور میڈیکل کالج کے قیام کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ بات چیت کے دوران ڈی ایچ کیو اپ گریڈیشن کے حوالہ سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر یہ بات بھی طے پائی کہ منصوبہ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی اشتراک سے مکمل ہو گا، منصوبہ تقریباً تین ارب روپے کی خطیر رقم سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا جس میں سے 80 فیصد یعنی 2 ارب 40 کروڑ روپے وفاقی حکومت اور 20 فیصد یعنی 60 کروڑ روپے صوبائی حکومت مہیا کرے گی۔ اس موقع سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان اور چیئرمین ڈیڈک کمیٹی ارشد ایوب خان کے علاوہ دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ سرکاری متعلقہ افسران نے اس موقع پر وزراءکو میڈیکل کالج اور ہسپتال کی اپگریڈیشن کے حوالہ سے مختلف امور پر بریفنگ دی۔