وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے سوئی گیس فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کے منصوبوں کی منظوری حاصل کر لی

172

ہری پور۔ 30 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے سوئی گیس فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کے منصوبوں کی منظوری حاصل کر لی، منصوبوں پر کام کیلئے ورک آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر ایوب خان نے وفاقی وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد مختصر عرصہ میں خان پور سڑک کے باقی ماندہ کام اور بجلی کے متعدد منصوبوں کے علاوہ ارتیاں، نجف پور، گرم تھون، سراہدنہ، پنڈ کمال خان، چھپڑ انور دی اور یونین کونسل سریا اور بریلہ کے مختلف دیہات اور یونین کونسل کھولیاں کے باقی ماندہ گاﺅں سمیت دیگر کیلئے گیس فراہمی منصوبے کی منظوری حاصل کر لی ہے جس کا ورک آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالہ سے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ حالیہ انتخابات میں سابق کارکردگی کی بنیاد پر ہری پور کی عوام نے انہیں ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ دیکر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے جس کیلئے انہوں نے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں اورگیس منصوبوں کی منظوری اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاﷲ گیس فراہمی کے منصوبہ پر عنقریب کام شروع کر دیا جائے گا۔