اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے 500 کے وی سکی کناری ٹرانسمیشن لائن کاسنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔سکی کناری ٹرانسمیشن لائن کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہائیڈرو، سولر اور ونڈ ذرائع سے ماحول دوست اور سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکی کناری 75کلو میٹر طویل 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن 18704ملین روپے کی لاگت سے تعمیرکی جارہی ہے۔ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے 884 میگاواٹ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوارکوقومی گرڈ میں شامل کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سی پیک کے تحت 2017میں2100ملین ڈالرکی خطیر رقم سے شروع کیا گیاتھا۔ یہ منصوبہ سالانہ تقریباً 3.129 بلین یونٹ بجلی پیدا کرے گا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ اس منصوبے سے 6000 سے زائد افراد کو روزگار ملا ،پاور پلانٹ نومبر2024 میں بجلی کی پیداوار شروع کرے گا۔ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی سستی بجلی سے گھریلو، زرعی اور صنعتی صارفین مستفید ہوں گے۔