وفاقی وزیر جہازرانی و بندرگاہیں علی زیدی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

95

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی)وفاقی وزیر جہازرانی و بندرگاہیں علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان عوام سے چھینی گئی امید کی کرن ان کو لوٹائی، مجھ پر کرپشن کے الزامات لگائے گئے‘ ایک روپے کی کرپشن ثابت کردیں، ہم نے اپنے بچوں کو حرام نہیں کھلایا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مجھے کہا کہ میں کرپٹ وزیر ہوں ، میں چیلنج دے رہا ہوں کہ ایک روپے کی کرپشن کا ثبوت دے دیں، اپنے بچوں کو حرام نہیں کھلاتا۔ وفاقی وزیر علی زیدی عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ اسمبلی میں لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے پہلے دہشت گردی پیپلز پارٹی لائی۔ 1981ءمیں الذوالفقار نے پی آئی اے کا طیارہ اغوا کیا۔ خالد شہنشاہ کا قتل کس نے کیا ۔ بلاول کے ڈیڑھ ارب کے اثاثے ہیں ، 2016ء میں انہوں نے ساڑھے پانچ لاکھ ٹیکس دیا اور 2017ء میں اڑھائی لاکھ ٹیکس دیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کہتی ہے کہ عزیر بلوچ کا خاندان شروع سے پیپلز پارٹی کے ساتھ تھا۔ جے آئی ٹی کے مطابق نثار مورائی نے تین قتل کا اعتراف کیا ہے۔ سعید غنی کا بیٹا ڈرگ سپلائرز کی سرپرستی کرتا ہے۔ عزیز بلوچ نے جن کے کہنے پر لوگوں کو قتل کیا وہ یہاں آکر بجٹ پر تقاریر کرتے ہیں۔