اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج اسٹینر نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے سوئٹزرلینڈ کے عالمی امن اور انسانیت کی حمایت میں کردار کو سراہا اور اس اہم تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر سوئس سفیر نے وفاقی وزیر کو پاکستان ریلوے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان ریلوے کو جدید اور بہتر بنانے کے لیے وزیر ریلوے کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور ریلوے کے شعبے میں مزید تعاون پر اتفاق کیا گیا۔وزیر ریلوے نے سوئس سفیر کو پاکستان کے تاریخی ریلوے سٹیشنز خاص طور پر گولڑہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور اس سے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596573