اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ہفتہ کو وفاقی وزراء کے ہمراہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹر، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزراء کو ملک بھر میں ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے میں ادارے کے کثیر الجہتی کردار پر بریفنگ دی۔وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان میں بدلتے ہوئے موسمی حالات اور آفات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر تیاری، رابطہ کاری اور فوری ردِعمل کو مؤثر بنانے کی اتھارٹی کی فعال کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ایک جامع ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فریم ورک اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت این ڈی ایم اے کی مؤثر کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے بین الاقوامی معیار کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسیز کے طرز پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ آفات سے متعلق مسائل کو قومی و علاقائی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں حل کرنے کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔آخر میں، وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا اور آفات سے بروقت اور مربوط انداز میں نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔