اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے او ای سی ڈی کے بیس ایروژن اور پرافٹ شفٹنگ بارے کثیر الجہتی کنونشن پر پاکستان کی جانب سے دستخط کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرحد پار ٹیکس چوری کی روک تھام کے حوالہ سے پاکستان کے مضبوط عزم کا عکاس ہے۔ پاکستان نے بدھ کو پیرس میں بیس ایروژن اور پرافٹ شفٹنگ کی روک تھام کیلئے ٹیکس سے متعلق اقدامات کے بارے میں کثیر الجہتی کنونشن پر دستخط کئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے او ای سی ڈی کے ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے کثیر الجہتی کنونشن پر بھی ستمبر 2016ءمیں دستخط کئے تھے۔ پاکستان نے پیرس میں آٹو میٹک ایکسچینج آف فنانشل اکاﺅنٹس انفارمیشن کے بارے میں اتھارٹی ایگریمنٹ پر بھی دستخط کئے ہیں۔