
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی انٹریشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ کے نائب صدر مائیکل مورڈے سینی سے بات چیت
اسلام آباد ۔ 17 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ابتداءہی سے پسماندہ علاقوں میں انتہائی مستحق طبقات تک رسائی حاصل کرنے پر توجہ دی ہے، اس سلسلہ میں نیشنل انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مختص بجٹ چالیس ارب روپے سے بڑھا کر 107 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ وہ انٹریشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ کے نائب صدر مائیکل مورڈے سینی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے والوں کی تعداد 53 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تخفیف غربت بنڈ، برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی اور جرمنی کے کے ایف ڈبلیو بنک کے مابین حال ہی میں پاکستان مائیکرو فنانس انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام کا معاہدہ طے پایا ہے۔