
اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارہ ڈی ایف آئی ڈی کی چیف اکانومسٹ ریچل گلےنریسٹر نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ریچل گلےنریسٹر نے میکرو اکنامک عدم توازن کے خاتمہ کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے ڈی ایف آئی ڈی کی طرف سے فراہم کردہ معاونت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں ریچل گلےنریسٹر نے وزیر خزانہ سے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اور متبادل توانائی کے فروغ کیلئے حکومتی منصوبہ پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ متبال توانائی کے فروغ کیلئے کلائمیٹ فنانس فنڈ کے ضمن میں پاکستان کے ساتھ مدد اور تعاون کیلئے تیار ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے برطانیہ کے بین الاقوامی ادارہ برائے ترقی کی جانب پاکستان میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔