وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی ملاقات

131

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری سیفران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں جنوبی وزیرستان کے خاصہ داران کی زیرالتواءتنخواہوں اور دیگر معاملات پر آگاہ کیا گیا اور وزیر خزانہ اسد عمر سے ان کو حل کرنے کی درخواست کی۔ سیکرٹری سیفران نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک سمری وزیراعظم کو وزارت خزانہ کے توسط سے ارسال کی گئی ہے جس میں 1.2 ارب روپے کی منظوری کی درخواست کی گئی ہے، یہ رقم جنوبی وزیرستان کے خاصہ داران کی تنخواہوں کے بقایا جات کی ادائیگی کےلئے استعمال کی جائے گی۔ جمعرات کو وزارت سیفران سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کئی مواقع پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کےلئے پرعزم ہیں اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دریں اثناءخیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان نے سیکرٹری سیفران سے بھی ملاقات کی۔ سیکرٹری سیفران نے وزیر خزانہ کے پی کے کو بتایا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی قبائل کی مراعات کو جاری رکھنے کےلئے 1.63 ارب کی منظوری دے چکی ہے جس میں 1.2 ارب کے فنڈز صوبائی حکومت کو مل چکے ہیں اور یہ رقم متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو جاری کی جا چکی ہے۔