اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے مابین مالیاتی معاملات پر اتفاق رائے سے فیصلے کئے جائیں گے، قومی مالیاتی کمیشن کے اجلاس میں زیر غور لانے کے لئے مختلف امور کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے۔ وہ بدھ کو نویں قومی مالیاتی کمیشن ( این ایف سی) کے اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے اجلاس میں مختلف امور پر 6 ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں سے کچھ کی سربراہی صوبے جبکہ ایک گروپ کی سربراہی وفاق کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ این ایف سی کا اگلا اجلاس 6 ہفتے بعد لاہور میں ہوگا جبکہ بعد ازاں کمیشن کے اجلاس دوسرے صوبوں کے دارالحکومتوں میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ وفاق میں این ایف سی سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ایف سی میں زیر غور لانے کے لئے مختلف امور کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے، ملک کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کے وسائل بڑھانے کی ضرورت پر زرو دیا گیا ہے۔