
اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بہتری اور پائیدار و متوازن اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں مالیاتی پالیسیز کوآرڈینیشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری خزانہ نے اقتصادی اور مالیاتی صورتحال کے حوالہ سے اجلاس کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران بیرونی توازن میں بہتری آئی ہے، اس عرصہ میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ اور درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کے باعث کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 4.6 فیصد کمی آئی ہے۔