وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

96
APP13-20 ISLAMABAD: March 20 - Finance Minister, Asad Umar chairing ECC meeting. APP

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آپریشن ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لئے 1795 ملین روپے سمیت کیڈ ڈویژن، وزارت ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن اور کابینہ ڈویژن کے لئے سپلیمنٹری گرانٹس جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ ای سی سی کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی کو آبی وسائل ڈویژن کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بجلی کے ٹیرف اور پانی کے استعمال کے چارجز سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن نے اجلاس کو بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت سے مشاورت کے ساتھ تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک تفصیلی انتظام تیار کیا گیا ہے، اس نئے انتظام کے تحت آزاد جموں و کشمیر کو صوبوں کی طرح ادائیگی کی جائے گی۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ مجوزہ انتظام جس میں آزاد جموں و کشمیر اپنی ڈسکو قائم کرے گا اور پانی کے استعمال کے چارجز 1.10/kwh کی زائد شرح سے وصول کرے گا۔ یہ مساوات کے اصول پر مبنی ہے اور اس کی توثیق کی جاتی ہے۔ کمیٹی نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لئے 1795 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے 202.637 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ اور بیرون ملک پاکستان چیئرز کے لئے 12.409 ملین روپے کی منظوری دی۔ اسی طرح وزارت ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن کے لئے 156.327 ملین روپے اور وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے لئے 41.617 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی ڈیمانڈ بھی منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان حلال اتھارٹی کو آپریشنل بنانے سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کو اتھارٹی کو زیادہ موزوں وزارت کے تحت رکھنے کے معاملے کا جائزہ لینا چاہیے۔ وزارت فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے ملک میں کپاس کی فصل میں بہتری کے لئے گزشتہ ماہ کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ ای سی سی نے پاسکو کے سٹاک سے اضافی گندم کی برآمد کی مدت کو بڑھانے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ماڑی ڈیپ سے 66 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بجلی کی پیداوار کے لئے پی پی آئی بی کے لئے مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔