
اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے گیس کے شعبہ میں ہونے والے نقصانات میں کمی لانے اور بجلی کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پٹرولیم اور پاور ڈویژنز کی جانب سے گیس کے شعبہ کے نقصانات اور بجلی کے شعبہ کے ریکوری پلان سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ گیس کے شعبہ کے نقصانات میں کمی کیلئے بہتری پر مبنی اقدامات کئے جائیں اور بجلی کے شعبہ کے نقصانات بارے رپورٹ کی طرز پر ان کاﺅنٹڈ فار گیس (یو ایف جی) بارے ماہانہ رپورٹ پیش کی جائے۔ کمیٹی نے گیس سپلائی کرنے والی دونوں کمپنیوں ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی پی ایل کو ہدایت کی کہ ایک مشترکہ پریزنٹیشن تیار کرکے اسے ٹاسک فورس برائے توانائی میں پیش کیا جائے۔ کابینہ کمیٹی نے بجلی کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ الیکریسٹی ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے، اس سلسلہ میں نادہندگان کے کنکشنز منقطع کئے جائیں۔ کمیٹی کو انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کیلئے ایفیشنسی ٹیسٹس رپورٹ پر پیشرفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ تمام سات یونٹس کیلئے ضروری ٹیسٹ کر لئے گئے ہیں، پانچ یونٹس کیلئے ڈیٹا اینالیسز مکمل کر لیا گیاہے جبکہ دیگر دو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔