اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملکی مالی خلا کو پر کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں اور فوری مالی بحران کا خاتمہ ہو چکا ہے، ملکی معیشت کو بالکل درست سمت پر لے جانے کے لیے ابھی تو پالیسیاں بنائی ہیں اور اقدامات ہونے شروع ہوئے ہیں جن پر تواتر سے چلتے رہنے سے دو تین سال بعد واضح ہو جائے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ پروگرام آخری پروگرام ہو گا۔ اب ہمارے پاس ادائیگیوں کے توازن کا کوئی بحران نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”نیوز وائس“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے 19واں پروگرام لینے جا رہا ہے جو انشااللہ ہمارا آخری پروگرام ہوگا، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت ایسی مثبت پالیسیاں اور اقدامات کر رہی ہے جن کی بدولت ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے گا کیونکہ ہم چاہتے بھی یہی ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پا س نہ جانا پڑے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے جس کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور آئندہ کچھ روز میں صورت حال واضح ہو جائے گی، آئی ایم ایف کے پاس جانے کے فیصلے میں تاخیر کا تاثر غلط ہے۔