اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے الجومعہ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالعزیز حماد الجومعہ نے جمعرات کو فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصیبرائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عبدالعزیز حماد الجومعہ کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم اور تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔عبدالعزیز حماد الجومعہ نے وزیر خزانہ کو الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کے پروفائل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو کمپنی کی پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے الجومعہ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ۔