وفاقی وزیر خزانہ ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

142
وفاقی وزیر خزانہ ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر خزانہ ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، ایس اے پی ایم برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو طارق محمود پاشا، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز، سینئر افسران اور پی ایس ایم اے کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای سی سی نے مالی سال 2022-23 کے دوران چینی کی برآمد سے متعلق وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی سمری پر غور کیا اور اس کی منظوری دی اور ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ ای سی سی صورت حال کا پندرہ روزہ بنیادوں پر جائزہ لے گی۔

ای سی سی نے مزید ہدایت کی اور پی ایس ایم اے نے عزم کیا کہ چینی کی موجودہ قیمت کم از کم 31 جنوری 2023 تک مقامی مارکیٹ میں نہیں بڑھے گی۔ ای سی سی نے درج ذیل تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے لیے 7 ملین، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کے لئے 743.57 ملین روپے کی منظوری دی ۔