وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کی ملاقات

205

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے جمعہ کوفنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سفیر مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید گہرے ہو رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان طویل تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا جس میں پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کے پیش نظر ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ وزیر خزانہ نے سفیر کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ سفیر مسعود خان کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھے گا۔