اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر برائےجنوبی ایشیا انفراسٹرکچر گوانگزی چن نے بدھ کو ملاقات کی۔ یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بینہسین،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کے موجودہ معاشی منظرنامے پر روشنی ڈالی اور وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے کاروبار کرنے میں آسانی، برآمدات کی حوصلہ افزائی اور معیشت کے مختلف شعبوں کو سہولتوں کی فراہمی، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔اسحاق ڈار نے پاکستان میں عالمی بینک کے ترقیاتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات اور معاشی ترقی کے لیے عالمی بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان میں عالمی بینک کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مستقل کردار ادا کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔گوانگزی چن نے مالیاتی اصلاحاتی پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر حکومت پاکستان کو سراہا اور مبارکباد دی۔انہوں نے وزیر خزانہ کو حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ملک میں شروع کیے جانے والے دیگر مختلف پروگراموں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے عالمی بینک کی جانب سے تعاون پربھی روشنی ڈالی۔