اسلام آباد ۔23نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ‘ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور ارکان سینیٹ اور ارکان قومی اسمبلی کی بنیادی تنخواہ میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ اس اضافے کا اطلاق رواں سال یکم اکتوبر سے ہوگا۔ نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہ کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہ 1لاکھ 50 ہزار روپے‘ چیئرمین سینیٹ و سپیکر قومی اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے‘ وفاقی وزراءکی تنخواہ 2 لاکھ روپے‘ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 1 لاکھ 85 ہزار روپے جبکہ وزراءمملکت کی بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔