
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کو علاقائی تجارت کا مرکز بنانا چاہتی ہے، اس سلسلے میں دوست ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے جائیں گے۔ وہ پیر کو یہاں فنانس ڈویژن میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں سی اے آر ای سی وزارتی کانفرنس کے انعقاد، مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹین لاگیرڈ اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکے ہیکو نکاﺅ کے مجوزہ دوروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سی اے آر ای سی وزارتی کانفرنس رواں سال اکتوبر میں اسلام آباد میں ہو گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے تیاریوں سے متعلق وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی تجارت کا مرکز بنانے کے سلسلے میں سی اے آر ای سی وزارتی کانفرنس مثبت کردار ادا کرے گی۔ کانفرنس میں ٹرانسپورٹ، توانائی، تجارتی پالیسی اور دیگر ترجیحی شعبے زیر غور لائے جائیں گے۔