
اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریونیو اہداف کے حصول کے سلسلے میں کوششیں مزید تیز کی جائیں۔ وہ پیر کو یہاں ریونیو وصولی کے اہداف اور سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگیوں سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس وصولیوں کی صورتحال اطمینان بخش رہی ہے۔ اس موقع پر کاروبار سے متعلق اصلاحاتی حکمت عملی 2016ءکے تحت ٹیکس سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاءکو اپنے حالیہ دورہ فرانس اور ٹیکس امور سے متعلق او ای سی ڈی کنونشن پر دستخط کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کو عالمی سطح پر اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔