وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت

139
برآمدی صنعتوں کوخام مال اودیگر فاضل پرزہ جات کی درآمد میں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری میں پیش رفت کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نجکاری کمیشن کو نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں وفاقی وزیر برائے نجکاری/چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری نجکاری اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں این پی پی ایم سی اور دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخزانہ کوپی ٹی سی ایل کی نجکاری کی تکمیل سے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری کے حوالہ سے حکومت کے عزم کا اظہار کیا اور نجکاری کمیشن پر زور دیا کہ وہ نجکاری کی تیز رفتاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرے۔ انہوں نے اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔