وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے متعلق اجلاس

129
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے متعلق اجلاس

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):45 لاکھ پاسپورٹ کے اجراء سے اب تک 26 ارب روپے سے زائد قومی خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔

یہ بات وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پیر کو فنانس ڈویژن میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام سے متعلق منعقد ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری خزانہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور خزانہ، نادرا اور پاسپورٹ آفس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا اور ملک اور بیرون ملک پاسپورٹ آفس کے موجودہ سیٹ اپ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 45 لاکھ پاسپورٹ کے اجراء سے 26 ارب روپے سے زائد قومی خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کے باقی اضلاع میں نادرا کے تعاون سے پاسپورٹ پروسیسنگ کائونٹرز اور موبائل رجسٹر گاڑیوں کے قیام پر بھی غور کیا گیا تاکہ عام آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور خدمات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت محدود وسائل اور مالی چیلنجوں کے باوجود تمام شعبوں میں آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں پاسپورٹ پروسیسنگ کائونٹر سینٹرز کے قیام کے لیے وزارت داخلہ کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔