اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں مختلف منصوبوں کیلئے غیر ملکی فنانسنگ کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے دوطرفہ و کثیر الجہتی ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت سے جاری مختلف منصوبوں اور پروگراموں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونی فنانسنگ سے تعمیر کئے جانے والے زیادہ تر منصوبے مقررہ مدت کے مطابق بہتر انداز میں تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کو مختلف ملکوں کے ساتھ مجوزہ مشترکہ وزارتی اجلاسوں اور ان اجلاسوں میں زیر غور لائے جانے والے معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔