گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر خزانہ کی ملاقات، ملکی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا

159
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پوری اقتصادی ٹیم معیشت کی بہتری اور استحکام کے لیے بھر پورکوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے ساتھ ساتھ سمیت دیگر شعبوں میں بھی استحکام آرہا ہے۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے سابق ادوار میں مہنگائی کی شرح کم تھی، جی ڈی پی گروتھ بہتر تھی اور پاکستان معاشی طور پرایک مضبوط ملک بن کر ابھر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی مسلم لیگ(ن)ملک میں معاشی بحران ختم کرکے معاشی استحکام کے لئے پرعزم ہے۔ گورنر پنجاب نے وفاقی وزیر خزانہ کو حالیہ کامیاب بیرونی دوروں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بیرونی دوروں میں پوری دنیا نے جس طرح پاکستانی عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے وہ موجودہ حکومت کی شفافیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

گورنر پنجاب نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز پہلے کبھی نہیں آئے لیکن اس کے باوجود ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں ۔