اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے اے پی ایم ٹرمینلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیتھ سوینڈسن نے پیرکو یہاں فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف ،ڈنمارک میں پاکستان کے سفیرشعیب سرور سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور پائیدار اقتصادی نمو کو تیز کرنے کے لیے گزشتہ ماہ ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سبز اور پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بڑھانا ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے اے پی ایم ٹرمینلز کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا خیرمقدم کیا اور گروپ کو سہولت فراہم کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کیتھ سوینڈسن نے وزیر کو اے پی ایم ٹرمینلز کے بزنس پورٹ فولیو اور پاکستان میں پورٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبوں کے بارے میں بتایا تاکہ ریونیو میں اضافہ اور علاقائی تجارت اور رابطے میں بہتری آئے۔