وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر اظہار تعزیت

136

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پرنس کریم الحسینی آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کویہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیر خزانہ نے پرنس کریم آغا خان کو ایک باوقار شخصیت قرار دیا جو پاکستانیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ محمد اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ پرنس کریم آغا خان اور ان کی برادری نے پاکستان کی بنیاد اور ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرنس کریم آغا خان نہ صرف ایک روحانی پیشوا تھے بلکہ ایک دانشمند اور دور اندیش شخصیت بھی تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرنس کریم آغا خان کا غیر معمولی وژن اور امت مسلمہ اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے عزم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔