اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر نے ملاقات کی ۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکہ کی ناظم الامور اور قائم مقام سفیر نٹالی بیکر نے جمعہ کو یہاں فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں اقتصادی تعاون کے فروغ اور پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات شامل تھے۔
وزیر خزانہ نے نٹالی بیکر کو حکومت کے وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی جو وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے اقتصادی اصلاحات اور برآمدات پر مبنی ترقی کے وژن کے مطابق ہے۔ انہوں نے معیشت کی بہتری اور پائیدار و جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے جاری اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں نجکاری، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بحالی اور وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
نٹالی بیکر نے پاکستان کی معاشی ترقی اور مشکل لیکن ضروری اصلاحات کے نفاذ کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے ملک کی معاشی بحالی کی صلاحیت اور طویل المدتی استحکام کے لئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے خاص طور پر اقتصادی تعاون کو گہرا کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے پر توجہ دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ معاشی اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575190