اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کے روز پاکستان کی نمایاں آئل ریفائنریوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) نے وزارتِ خزانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ و محصولات کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ریفائنری سربراہان نے وزیر خزانہ کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر مبنی اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد مقامی پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے جوملکی زرمبادلہ میں سالانہ تقریباً 1 ارب ڈالر کی بچت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
ریفائنری نمائندگان نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نظام میں تبدیلی، خاص طور پر صفر درجہ بندی سے مستثنیٰ حیثیت میں منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا، جس سے ان کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریفائننگ شعبے کی ملکی توانائی سلامتی میں خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے خدشات کا بغور جائزہ لے کر قابلِ عمل حل نکالے گی تاکہ ریفائنری شعبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ملاقات کا اختتام توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی اور سرمایہ کاری کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592953