اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پیر کو سپین روانہ ہو گئے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یکم جولائی سے سپین کے شہر سیویل میں منعقدہ اس چار روزہ کانفرنس میں مختلف ملکوں سے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔کانفرنس میں ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں کے لیے پائیدار اور جدید مالیاتی حکمتِ عملیوں کی تیاری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو تیز کرنے کی کوششوں پر غورو خوض ہو گا،وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران کانفرنس کے مرکزی اجلاسوں اور مختلف اعلیٰ سطحی سائیڈ ایونٹس میں شریک ہوں گے
۔سینیٹر محمد اورنگزیب ایک اہم سیشن “قرض کے بدلے ترقی: ڈی سی ایس فنانسنگ اپروچ” میں مہمانِ خصوصی ہوں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف اور ترقیاتی مالیات میں قرض کی تنظیمِ نو اور ڈپازٹ پروٹیکشن کے امکانات پر بات کریں گے۔وزیر خزانہ کانفرنس کےدوران نجی کاروباروں اور فنانس تک رسائی و استعمال کے موضوع پر ملٹی سٹیک ہولڈر گول میز مذاکرے کے شریک چیئر ہوں گے۔وزیر خزانہ انٹرنشینل بزنس فورم پالیسی ڈائیلاگ کے زیر اہتمام ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کریڈٹ ریٹنگز کے کردار پر پالیسی ڈائیلاگ سے کلیدی خطاب کریں گے۔
وزیر خزانہ انٹرنشینل بزنس فورم کے زیر اہتمام چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے مالی معاونت میں توسیع کے موضوع پر بھی خطاب کریں گے۔وزیر خزانہ ترقی کے لیےعالمی تعاون کی بحالی و تجدید کے موضوع پر منعقدہ ایک گول میز مذاکرے سے بھی خطاب کریں گے۔وزیر خزانہ یونیسف کے زیر اہتمام بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے اور بچوں کے لیے جدید اور پائیدار فنانسنگ کے موضوع پر ایک مکالمہ میں بھی شریک ہوں گے۔
وزیر خزانہ کانفرنس کے موقع پر کئی اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل جناب جان ڈینٹن اور نیدرلینڈز کے نائب وزیر برائے ترقی جناب اسٹیون کولٹ شامل ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کی اس کانفرنس میں شرکت پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک جدید مالیاتی حل، عالمی تعاون اور ترقیاتی موضوعات پر پاکستان کی مؤثر آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔