اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):آئی پی پیز کے ساتھ معاملات میں پیشرفت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو شوکت ترین کی ورچوئل صدارت میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کے اجلاس میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (این پی پی ایم سی ایل) کی نجکاری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ کی ورچوئل صدارت میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس یہاں فنانس ڈویژن میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نجکاری، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری،
معاون خصوصی برائے پاور، چیئرمین ایف بی آر اور معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو نے شرکت کی جبکہ پاور، پٹرولیم اور نجکاری کے سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالہ سے کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی،
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور ای سی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز سے معاملات میں پیشرفت کے نتیجہ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے اور مختلف حکومتی اداروں، وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ہونے والے فیصلوں پر بھی پیشرفت ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے تمام متعلقہ شراکت داروں کو ہدایت کی کہ ان کو دیئے گئے ٹاسکس پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس آئندہ ہفتہ منعقد کیا جائے تاکہ ٹرانزیکشن کو حتمی مرحلہ تک پہنچایا جا سکے۔