واشنگٹن۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ وریونیو شوکت ترین نے واشنگٹن میں عالمی بنک جنوبی ایشیائی ریجن کے نائب صدر ہارٹ ویگ شافر سے بدھ کو اپنی ٹیم کے ہمراہ یہاں پاکستان سفارتخانے میں ملاقات کی ،وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر ،وفاقی وزیر اقتصادی امورعمر ایوب خان نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ویڈیولنک کے ذریعے ملاقات میں شرکت کی۔
گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر ،پاکستان کے سفیر اسد مجید خان،سیکرٹری خزانہ ڈویژن اور سینئر حکام بھی ملاقات میں شریک تھے ۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عملدرآمد،سماجی مصارف کے اور سماجی تحفظ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ معاشرے کے کمزور طبقے خود کو محفوظ تصور کر سکیں ۔
انہوں نے برسا برس سے پاکستان میں ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے گورننس اور خدمات کی فراہمی کو تقویت دینے میں عالمی بنک کے اہم کردار کو سراہا ۔عالمی بنک نے اس امر کا اعتراف کیا کہ مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متوقع اہداف کے حصول کے لئے اس رفتارکار کوبرقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔