
لاہور۔15 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار جمعہ کی شام پی پی پی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر کے گھر گئے اور ان کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔انہوں نے جہانگیر بدر کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پارٹی کےلئے گراں قدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحوم کی خدمات کو خراج عقےدت پیش کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاءکبھی پر نہیں ہو سکتا۔ اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک مشکلات سے گزر رہاہے‘ ہمیں پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں سیاسی یکجہتی کی ضرورت ہے‘ آپس میں اختلافات نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنا سیاست کو پہلے بھی مسترد کیا تھا اور اب بھی انہیں ناکامی کا سامنا ہو گا۔