اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کو ڈیلائٹ (Deloitte) کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر و سربراہ انرجی /کرٹیکل منرلز رچرڈ لانگ اسٹاف اور پارٹنر ڈیلائٹ رسک اینڈ فنانشل ایڈوائزری ، گورنمنٹ اینڈ پبلک سروسز سفیان یوسفی نے کی۔یہ ملاقات آئی ایم ایف/ورلڈ بینک سپرنگ اجلاس 2025 کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی سابقہ گفتگو کا تسلسل تھی جس میں اہم معدنیات، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کی فعالیت پر تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔وزیر خزانہ نے ڈیلائٹ کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے ان کی مسلسل دلچسپی اور شراکت داری کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نجی شعبے کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ساختی اصلاحات کو تیز اور پیداوار و برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات میں سی پی ایف کو موثر انداز میں فعال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈیلائٹ کی تکنیکی معاونت اور عالمی تجربہ پاکستان کے جاری منصوبوں میں بروئے کار لایا جائے تاکہ صحت، ماحول، توانائی، معدنیات اور عوامی و نجی شراکت داری جیسے شعبوں میں نتیجہ خیز، معیاری اور مربوط منصوبہ بندی کی جا سکے۔وفد نے وزیر خزانہ کو اپنے آئندہ مجوزہ اجلاسوں سے آگاہ کیا جن میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے حالیہ دنوں میں عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور پاکستان کی شفاف اور ذمہ دارانہ مالیاتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس وقت دو بڑی قومی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ، ماحولیاتی تحفظ اور آبادی میں توازن جن کی معاونت کے لیے کثیر فنڈنگ فراہم کی جا رہی ہے،
جن میں حال ہی میں منظور شدہ 1.3 ارب ڈالر کا ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر پاکستان کو مزید فنانسنگ کی نہیں بلکہ ہمارے دو طرفہ اور کثیر الجہتی شراکت داروں کی حکمت عملی پر مبنی تکنیکی معاونت اور عالمی مہارت کی ضرورت ہے۔ملاقات میں مستقبل میں تعاون کے ڈھانچے اور ان کلیدی شعبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں ڈیلائٹ کی معاونت نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈیلائٹ ٹیم نے پاکستان میں ابھرتے ہوئے مثبت معاشی اشاریوں کو سراہا اور حکومت پاکستان کے اصلاحاتی اور ترقیاتی ایجنڈے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کا اختتام باہمی رضامندی سے اس بات پر ہوا کہ آئندہ ہفتوں میں قریبی رابطہ رکھا جائے گا اور مشترکہ طور پر ایسے قابل عمل، اثر انگیز اور نتیجہ خیز اقدامات کی نشاندہی کی جائے گی جو پاکستان کے اقتصادی ترقی و تبدیلی کے وژن سے ہم آہنگ ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598932