اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے جمعرات کو پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنرنیل ہاکنز اور فرسٹ سیکرٹری ایشلی لائٹ نے ملاقات کی ۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا اور آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات بشمول تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،اگرچہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ماضی کے مقابلے میں بہتر سطح پر ہے تاہم اب بھی تجارتی حجم میں مزید بہتری کیلئے مواقع کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خزانہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو موجودہ حکومت کی تازہ ترین اقتصادی پیش رفت اور پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا جن کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی اور تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خزانہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔